ایم کیوایم کاوزیراعظم کے دورہ کراچی پر اہم مطالبات رکھنے کا فیصلہ
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) بلدیاتی انتخابات سے قبل پارٹی کو مزید منظم کرنے کے لیے متحدہ پاکستان نے حکمت ِ عملی مرتب کر لی حکومت سے علیحدگی اختیار نہ کرنے پر تنظیمی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرنے والے نظریاتی رہنماؤں سے رابطے تیز کر دیے گئے پارٹی میں مزید کارکنان کی شمولیت کے لیے ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا گیا، وزیراعظم پاکستان کے دورہ کراچی سے قبل مطالبات کی فہرست تیار۔ ذرائع کے مطابق متحدہ پاکستان نے اپوزیشن جماعتوں کی عدم اعتماد تحریک کا حصہ نہ بننے سے متعلق وفاقی حکومت کے سامنے اہم مطالبات رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے چند روز میں دورہ کراچی پر بہادر آباد مرکز آمد پر انہیں پیش کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق متحدہ پاکستان کی جانب سے وفاقی حکومت کے سامنے تین بڑے مطالبات رکھے جائیں گے، جن میں بلدیاتی انتخابات سے قبل بند سیاسی دفاتر کی بحالی،سینکڑوں لاپتا کارکنان کی بازیابی اور ملک میں جلد از جلد نئی مردم شماری شامل ہیں ۔متحدہ پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کو موجودہ حکومت کا حصہ بننے سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کیے جانے والے9 رکنی معاہدے میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آ گاہ کیا جائے گا، بعد ازاں حیدر آباد یونیورسٹی کی جلد از جلد تعمیرات کی بھی منظوری لی جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات سے قبل پارٹی کو مزید فعال کرنے کے لیے حالیہ دنوں ممبر سازی مہم کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے جس کے تحت مختلف جماعتوں کے کارکنان بڑی تعداد میں متحدہ پاکستان میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔