الیکشن 2024 : 3 جماعتوں کو انکے حصے سے زیادہ نشستیں ملیں: فافن رپورٹ
شیئر کریں
کراچی :فافن نے انتخابات 2024 کے نتائج کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ میں قومی اور صوبائی سطح کے رجحانات کی نشاندہی کرنے کیلئے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ووٹوں اور سیٹوں کے تقابلی پارٹی شیئر کے لحاظ سے پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن، اور پیپلزپارٹی نے اپنے حصے سے زیادہ قومی اور صوبائی نشستیں حاصل کیں۔ فافن کے مطابق قومی انتخابات میں تین جماعتوں پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن اور پی پی پی نے زیادہ ووٹ لئے۔
سندھ کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں نمایاں طور پر زیادہ حصہ ملا۔ فافن رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں قومی سطح کی جماعتوں نے اپنے ووٹوں کا حصہ بڑھایا ہے، پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں نون لیگ اور پی ٹی آئی میں مقابلہ رہا، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزنے سندھ جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں اپنی گرفت مضبوط کی۔
رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں پر صوبائی ٹرن آوٹ نصف فیصد سے تجاوز کرگیا، مجموعی طور پر قومی اسمبلی کے انتخابات میں 448,943 ووٹ زیادہ پول ہوئے، قومی اور صوبائی انتخابات کیلئے کل، درست اور غلط ووٹوں میں فرق تھا، صوبائی انتخابات کے نتائج میں غلط ووٹوں کی تعداد مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد سے تجاوز کر گئی۔
تحریک لبیک پاکستان کو پنجاب اسمبلی میں پانچ فیصدووٹ لینے کے باو جود صرف ایک نشست ملی جبکہ قومی اسمبلی کے لئے بھی پانچ فیصد ووٹ لینے کے باوجود کوئی نشست نہ مل سکی۔
سندھ میں متحدہ قومی موومنٹ نے 16 فیصد ووٹ لے کر صوبائی اسمبلی کی 20 فیصد نشستیں جیت لیں، دس فیصد ووٹ لے کر قومی اسمبلی کی 13 فیصد نشستیں جیت لیں۔بلوچستان میں مسلم لیگ ن نے 13 فیصد ووٹ لے کرصوبائی اسمبلی کی 24 فیصد نشستیں حاصل کیں، بلوچستان میں مسلم لیگ ن نے 14 فیصد ووٹ لے کر قومی اسمبلی کی 25 فیصد نشستیں حاصل کیں، بلوچستان میں مسلم لیگ ن اور پی پی پی نے اپنی نشستوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ نشستیں حاصل کیں۔
پنجاب میں پی ٹی آئی نے 31 فیصد ووٹ لے کرصوبائی اسمبلی کی 37 فیصد نشستیں جیت لیں، پنجاب میں پی ٹی آئی نے 35 فیصد ووٹ لے کرقومی اسمبلی کی 38 فیصد نشستیں جیت لیں۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن نے 32 فیصد ووٹ لے کرصوبائی اسمبلی کی 47 فیصد نشستیں جیت لیں۔