پاسپورٹ کے لئے انتظار نہیں کرنا پڑے گا،مقررہ مدت میں مل جائینگے
شیئر کریں
کراچی:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہریوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ کیا جا رہا ہے، اب مقررہ مدت کے اندر پاسپورٹ ملیں گے۔کراچی میں پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا سنٹر ڈیفنس کے حالات بدل گئے، گھنٹوں انتظار ختم، منٹوں میں کام ہوگا، پاسپورٹ اور شناختی کارڈز ودیگر دستاویزات بنوانے کے لئے آئے شہری اس عمل سے خوش دکھائی دینے لگے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 24/7 اوپن پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا ڈیفنس میگا سینٹر کے اچانک دورے کے دوران پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنوانے کے عمل کے بارے پوچھا۔شہریوں نے پاسپورٹ و شناختی کارڈز بنوانے کے نظام کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
آفس میں آئے شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے لئے آئے ہیں اور چند منٹ میں کام ہو بھی گیا ہے، پاسپورٹ بنوانے میں کوئی مشکل پیش آئی نہ ہی انتظار کرنا پڑا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کراچی کو خوشخبری دیں گے ، پاکستان تین برس تک بھارت سے نیوٹرل مقامات پر کھیلے گا لیکن اس کے بعد کیا ہوگا، آنے والا سربراہ اس معاملے پر پی سی بی کا آنے والا سربراہ فیصلہ کرے گا،یہ اللہ ہی جانتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے کا معاملہ سب کے سامنے ہے۔