ایم ڈی کیٹ، پرچہ دوبارہ لینے کی استدعا ، عدالت عالیہ کا داخلہ پروسیس پر اسٹے برقرار
شیئر کریں
نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ کے لیک پیپر پر داخلے روک کر دوبارہ پرچہ لیے جانے سے متعلق کیس کی سماعت پر عدالت عالیہ نے داخلہ پروسیس کے اسٹے آڈر کو 26 دسمبر تک بڑھا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق میڈیکل کالجز و یونیورسٹیز میں داخلوں کے لیے نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے سے متعلق سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی بڑی تعداد نے عدالت عالیہ سے رجوع کررکھا ہے ، بیرسٹر نبیل احمد خان، بیرسٹر شعیب اور ایڈووکیٹ جہانگیر شمس سمیت دیگر وکلاء طلبہ کی نمائندگی کررہے ہیں ، سندھ جناح میڈیکل میں ایم ڈی کیٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے کے بعد ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کے زیر انتظام داخلہ ٹیسٹ کا پرچہ بھی لیک کیا گیا ، عدالت کو بتایا گیا ہے کہ پیپر لیک ہونے پر تشکیل دی گئی کمیٹی اور ایف آئی اے نے ملوث افسران وملازمین کے خلاف کارروائی کی سفارش کررکھی ہے لیکن مافیا کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے پیپر آؤٹ ہورہے ہیں ، عدالت عالیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ پیپر آؤٹ کرنے والے عناصر مافیا کو سزا دے کر ایم ڈی کیٹ کا پرچہ دوبارہ کروایا جائے ، سماعت کے دوران پیش ہوئے ہونے والے فریقین میں ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ ، پی ایم ڈی سی اور محکمہ صحت سمیت دیگر فریقین نے اپنا جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی ہے ، جس کے بعد عدالت نے داخلہ پروسیس پر اسٹے آرڈر برقرار رکھتے ہوئے ایم ڈی کیٹ کیس پر اگلی سماعت 26 دسمبر مقرر کی ہے ۔