تحریک انصاف کا آج گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے( آج) جمعرات کے روز گورنر ہائوس کے سامنے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ سپیکر نے گورنر کے مس کنڈکٹ کے خلاف صدر مملکت کو خط لکھا ہے ،ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے ، انہیں ہٹایا بھی جا سکتا ، اگر حد سے تجاوز کیا توآرٹیکل 6کے تحت کیس ہو سکتا ہے ، آصف زرداری کی پارٹی کی طرف سے ہماری خواتین کو پانچ ، پانچ کروڑ روپے کی پیشکش کی جارہی ہے ، ملتان اور لاہور میں اراکین اسمبلی کو ٹیلیفون کئے گئے ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ ترین سطح پر اس کا نوٹس لیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر کے ہمراہ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی صورتحال ہر لمحے بدل رہی ہے اور عوام دیکھ رہے ہیں کس طرح سے انتخابات سے فرار حاصل کرنے کیلئے کیا کیا طریقے اپنائے گئے ہیں۔ خواجہ آصف ، احسن اقبال ، رانا ثنا اللہ تو کہتے تھے کہ اسمبلیاں توڑیں ہم انتخابات کرادیں گے لیکن اب یہ جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخابات ہوں یہ راہ فرار اختیار کر رہے ہیں ۔ پارلیمانی جمہوریت ووٹو ں کے اوپر ہے اور اگر یہ عوام کے ووٹوں سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں تو ان کو حکومت کرنے کا حق حاصل نہیں ۔ گورنر پنجاب نے آرٹیکل 109کی خلاف ورزی کی ، وزیراعلیٰ کو چوبیس گھنٹے میں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ رہے ہیں، سپیکر نے درست تشریح کی ہے اور گورنر کے اقدام کو رولنگ کے ذریعے خلاف قانون قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ۔ منظور وٹو کیس میں فل کورٹ کا فیصلہ ہے کہ گورنر وزیر اعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کے لئے دس روز کا وقت دے گا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ق) کی پارلیمانی میٹنگ میںدس کے دس کے اراکین نے چوہدری پرویز الٰہی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ، آج جمعرات کو تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہے اور ہمارے 177ممبر پاکستان میںموجود ہیں جواجلاس میں شرکت کریں گے ،چوہدری پرویز الٰہی ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو 187ممبران کی حمایت حاصل ہے ۔یہ جتنی مرضی تحاریک لے آئیںان کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ بات تشویشناک ہے کہ ہماری خواتین ممبران کو آصف زرداری کی پارٹی کی طرف سے پانچ، پانچ کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی ، عوام سے کہنا چاہتا ہوں یہ آپ کا پیسہ ہے جوپنجاب میںہارس ٹریڈنگ پر خرچ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔میں اپنے اراکین اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوںنے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ لاہور اور ملتان میںہمارے لوگوںکو فون گئے ہیں کہ آپ اعتماد کے ووٹ کے دن غائب رہیں لیکن انہوںنے اسے مسترد کر دیا ،ہم امید کرتے ہیں کہ اس کا نوٹس لیا جائے گا اوراعلیٰ ترین سطح پر معاملات کو دیکھا جائے گا ۔