9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو ہیرو بنایا گیا تو بہت نقصان ہوگا، راجا پرویز اشرف
شیئر کریں
اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 9 کے واقعات میں ملوث لوگوں کو سزا ملنی چاہیے لیکن ان کو ہیرو بنایا گیا تو بہت نقصان ہوگا۔رہنما پی پی پی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ہر جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے حق آئین دیتا ہے، ماسوائے ان لوگوں کو جو کسی نہ کسی طرح سے ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہوں، یا مقدمات ہوں جن کو قانونی طور پر روکا جاسکتا ہے لیکن کسی جماعت کو نہیں روک سکتے تاہم انفرادی طور پر کسی کو روک سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث تھے، جنہوں نے پاکستان کی جگ ہنسائی کی اور پاکستان کو مذاق کا نشانہ بنا دیا اور ان لوگوں کو کہہ دیں کہ آپ جائیں اور انتخابات میں حصہ لیں تو آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ جو شخص ریاست مخالف بات کرے گا، ریاست اور دفاعی تنصیبات پر حملہ کرے گا تو اس کو ہیرو بنا کر پیش کریں گے تو یہ بھی بہت نقصان دہ بات ہے لہٰذا متوازن بات کرنی چاہیے۔