بھارت کی سکھ برادری کا کنگنا رناوت کو مینٹل اسپتال بھجوانے کا مطالبہ
شیئر کریں
بھارت کی سکھ کمیونٹی نے اداکارہ کنگنا رناوت کو جیل یا پھر دماغی امراض کے اسپتال بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی نے سکھ برادری کے خلاف انسٹا گرام پر توہین آمیز زبان استعمال کرنے کے لیے ہفتے کے روز اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔ یہ شکایت مندر مارگ پولیس اسٹیشن کے سائبر سیل میں درج کروائی گئی ہے۔سکھ کمیونٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کنگنا رناوت نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ میں جان بوجھ کر کسانوں کے احتجاج کو ’’خالصتانی تحریک‘‘ کے طور پر پیش کیا۔ اس کے علاوہ سکھ کمیونٹی نے الزام لگایا ہے کہ اداکارہ نے سکھ برادری کو ’’خالصتانی دہشت گرد‘‘ قرار دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کنگنا نے سکھ برادری کے خلاف توہین آمیز اور تضحیک آمیز زبان استعمال کی۔