جرمنی میں بھارتی ایجنسی را کیلئے جاسوسی ، بھارتی جوڑے پر مقدمہ
شیئر کریں
جرمنی میں مقیم بھارتی جوڑے پر سکھوں اور کشمیریوں کی جاسوسی کے الزام میں مقدمہ شروع کردیا گیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق من موہن نامی بھارتی شخص اور ان کی اہلیہ کنول جیت اس جرم میں ملوث ہیں اور ان پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرنے کا الزام ہے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مبینہ ایجنٹوں کے خلاف مقدمے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ ان پر یہ مقدمہ فرینکفرٹ کی کورٹ میں چلایا جا رہا ہے ۔جاسوسی کے الزام میں گرفتار من موہن کی عمر50 سال جبکہ ان کی اہلیہ کنول جیت کی عمر 51سال بتائی گئی ہے ۔جرمن میڈیا کا دعوی ہے کہ اگر اس جوڑے پر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو اس پر بھارتی جوڑے کو دس سال قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔اطلاعات کے مطابق جاسوسی کے عوض یہ جوڑا رقم وصول کرتا تھا۔را کے ان مبینہ ایجنٹوں پر رواں سال مارچ میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ تاہم ان کے مکمل نام صیغہ راز میں رکھے جارہے ہیں اورمیڈیا کو صرف ان کے پہلے نام بتائے گئے ہیں۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بارہ دسمبر تک مقدمے کی سماعت مکمل کرلی جائیگی۔