کالعدم ٹی ایل پی کا اسلام آباد کی طرف ناموس رسالتﷺ مارچ کا اعلان
شیئر کریں
کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے آج بعد نماز جمعہ لاہورسے اسلام آباد کی طرف ناموس رسالت مارچ کا اعلان کردیا، دوسری جانب کالعدم تحریک لبیک کے کارکنان و رہنماوں کی گرفتاریوں کے لئے کریک ڈاون بھی جاری ہے ، جبکہ دوسری طرف کارکنان و رہنمائوں کی گرفتاریوں کیخلاف کالعدم ٹی ایل پی کے مختلف شہروں میں دھرنے بھی جاری ہیں، میڈیا رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی شوری نے آج بعد نماز جمعہ لاہورسے اسلام آباد کی طرف ناموس رسالت مارچ کا اعلان کردیا، لانگ مارچ کا آغاز مرکز رحمت اللعالمین سے ہوگا۔کالعدم تحریک لبیک کی مرکزی شوری نے لاہور میں جاری دھرنے کے دوران واضع کیا ہے کہ حکومت نے طاقت کا استعمال کیا تو حالات کی ذمہ دار خود ہوگی۔ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، دو ہفتے تک پر امن احتجاج کیا مگر حکومت نے ایک نہ سنی، 6 ماہ عدل و انصاف کے لیے ہر دروازے پر گئے، لیکن حکومت نے کوئی ایک بھی معاہدہ پورا نہیں کیا، ہم 26 لاشیں اٹھا کر بھی پر امن رہے، فیض آباد میں بھی ہم نے لاشیں اٹھائی اور پر امن رہے، حکومت نے اب طاقت کا استعمال کیا تو پلان بی بھی ہمارے پاس ہے۔دوسری جانب کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کارکنان اور رہنماوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں، کالعدم تنظیم نے لاہور کے چوک یتیم خانہ کے قریب دھرنا دے رکھا ہے،جب کہ لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے، اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے چاروں اطراف موجود ہے، دھرنے کے اطراف کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔ذرائع کے مطابق شیراکوٹ، نواں کوٹ، سمن آباد، گلشن راوی، اقبال ٹاون اور سبزہ زار کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس مکمل معطل کردی گئی ہے، واٹر کینن گاڑیاں،اینٹی رائٹٹس فورس، بڑی تعداد میں گیس شیل اور اسپیشل فورسز کے دستے پہنچ چکے ہیں، کالی کوٹھی اقبال ٹان، اسکیم موڑ، سوڈی وال، نیازی اڈا اور سمن آباد موڑ سے راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز کی مدد سے سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری موقع پر موجود ہے دیگر اضلاع سے بھی نفری لاہور پنہچ چکی کسی بھی وقت گرینڈ آپریشن ہو سکتا ہے۔