میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آرمی چیف کا بروقت اقدام قابل تحسین ہے,آفاق احمد

آرمی چیف کا بروقت اقدام قابل تحسین ہے,آفاق احمد

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۲ اکتوبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے بعد صوبہ جس غیر یقینی صورتحال کا شکار تھا اس صورتحال کو سنبھالنے اور محاذ آرائی کے خطرات ٹالنے کیلئے آرمی چیف نے جس طرح بروقت نوٹس لیا وہ قابل تحسین ہے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اختلافات چاہے جس سطح پر بھی ہوں اسکی قیمت غیر یقینی صورتحال کی صورت ادا کی جاسکتی ہے نہ اس وقت ملک ایسی صورتحال کا متحمل ہوسکتا ہے ، جس طرح آرمی چیف نے معاملہ کو سنبھالا اس طرح حکومت بھی صورتحال کنٹرول کرسکتی تھی لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانیکا مقابلہ جاری ہے اور وفاقی و صوبائی وزراء پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی انتشار کا شکار جبکہ عوام مہنگائی کے ہاتھوں زندہ درگور ہورہے ہیںلیکن حزب اقتدار و اختلاف صورتحال سنبھالنے کی بجائے معاملات کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں ، پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کے خلاف خم ٹھونکنے والی پی ٹی آئی حکومت ماضی میں یہی کام خود کرچکی ہے ، جو کام ماضی میں اسکے لئے جائز تھا وہی کام آج حزب اختلاف کیلئے کیوں ناجائز ہے؟۔آفاق احمد نے کہا کہ بابائے قوم کے مزار پر نعرے بازی یقینا نامناسب عمل تھا لیکن ذمہ داران کی گرفتاری کیلئے جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ بھی نامناسب تھا، جو بھی اسکا ذمہ دار ہے اسکی سرزنش ہونی چاہئے تاکہ مستقبل میں ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔آفاق احمد نے کہا کہ اداروں کا باہم ٹکرائو ملکی مفاد میں نہیں، ایسی صورحال سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام ریاستی ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کریں اور باہمی محاذ آرائی سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا بہتر مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے ، حزب اقتدار و اختلاف کی جماعتیں اور انکے قائدین ہوش مندی کا مظاہرہ کریں اور سیاسی درجہ حرارت کو اس حد تک نہ بڑھائیں کہ جس سے جمہوریت پر سوالیہ نشان لگ جائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں