بجلی چوروں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا فیصلہ
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کرنے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ ہٹانے کیلیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پیر کو انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت کی جانب سے آئندہ 25سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع انرجی پالیسی و لائحہ عمل تشکیل دیاجا رہا ہے تاکہ جہاں گھریلو، صنعتی و دیگر شعبہ جات کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے وہاں انرجی مکس کا حصول، ملک میں موجود وسائل کا مکمل استعمال، قابل تجدید ذرائع کا فروغ اور انرجی پالیسی کے لیے منظم و مربوط فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو ہٹانے کے لیے ہدایت کی ۔اس ضمن میں بجلی چوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسی دوسرے کی چوری اور بد انتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قابل قبول نہیں۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ نگرانی خصوصی ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے۔ضلعی سطح پر متعلقہ ڈی سی اوز بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے۔ اس سلسلے میں دیگر صوبوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ بجلی کی ترسیل و تقسیم کو بہتر بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر ٹیکنالوجی کے استعمال کو برؤے کار لایا جا رہا ہے تاکہ جہاں ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جا سکے وہاں تقسیم اور چوری جیسے مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم عمران خان نے پاور ڈویڑن کو معیاری ٹرانسفارمرز کی دستیابی کو یقینی بنانے سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے مختلف کمپنیوں کی شمولیت کے لیے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں تیل اور گیس کی دریافت و پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔