محکمہ ڈاک کا ایک اور کارنامہ ،کروڑوں روپے لگاکر بنایاگیا ایکسپریس پوسٹ کا خصوصی کائونٹربند
شیئر کریں
(رپورٹ :شعیب مختار) محکمہ ڈاک کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا کروڑوں روپے کے خرچ سے تعمیر ہونے والا ایکسپریس پوسٹ کراچی کا خصوصی کاؤنٹر عوامی سہولت کیلئے بند کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق دسمبر 2009 میں سابق وفاقی وزیر اسرار اللہ زہری کی ہدایت پر ایکسپریس پوسٹ کراچی کا خصوصی کاؤنٹر جہاں کسمٹر کیئر کا ڈیسک بھی 24 گھنٹے کی سہولت کے ساتھ قائم کیا گیا تھا، موجودہ انتظامیہ کی غفلت کے سبب بند کر دیا گیا ہے، جس سے صارفین کی مشکلات بڑھتی دکھائی دیتی ہیں اور وہ نجی کورئیر کمپنیز کا رخ کرنے کو خاصی ترجیح دے رہے ہیں۔ خصوصی کاؤنٹر کے بند ہونے سے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 ڈاکخانے پر بھی کافی دباؤ بڑھ گیا ہے جہاں صارفین میں آپس میں لڑائیاں معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔ اس ضمن میں آل پاکستان پوسٹل ڈی ایم اوز ایمپلائز اینڈ ورکرز یونین کے چیئرمین اسداللہ خان کی جانب سے مورخہ 20 ستمبر 2021 کو محکمہ ڈاک کی اعلیٰ انتظامیہ کو ایک تحریری مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے جس میں ایکسپریس پوسٹ سینٹر کراچی میں قائم خصوصی کاؤنٹر کے بند ہونے پر تشویش کا اظہار سامنے آیا ہے۔ایکسپریس پوسٹ سینٹر جہاں صارفین کو سہولیات مہیا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے وہیں گزشتہ کئی ماہ سے سینکڑوں عوامی شکایات بذریعہ پاکستان پوسٹ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر رل رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ڈاک کا ارجنٹ میل سسٹم بھی نااہل انتظامیہ کی غفلت کے باعث مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، لوکل یو ایم ایس کی تقسیم کا وقت عمومی طورپر 24 گھنٹے ہوتا ہے لیکن لوکل یو ایم ایس کی ترسیل میں بھی 3 سے 4 دن لگ جاتے ہیں جس کے پیش نظر حالیہ دنوں ایکسپریس پوسٹ کے اہم معاہدے خطرے میں دکھاتی دیتے ہیں تمام تر صورتحال سے وزارت مواصلات کی لاعلمی کے سبب ایکسپریس پوسٹ میں تعینات کرپٹ افسران حالیہ دنوں محکمے کو دیمک کی طرح چاٹنے میں مصروف ہیں۔