سارک سربراہ اجلاس،بھارت کا اسلام آباد میں کرانے سے انکار
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تعلقات بہتر بنانے کیلیے مذاکرات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے سارک سربراہ اجلاس اسلام آباد میں کرانے کی پاکستانی تجویز مسترد کردی۔بھارت نے سارک سربراہ اجلاس کیلیے پاکستان کی میزبانی کی مخالفت کردی ہے اور اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کے مطابق موجودہ ماحول پاکستان میں سارک سربراہ اجلاس کیلیے مناسب نہیں۔ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق سارک سے متعلق بھارت کا موقف واضح اور مستقل ہے، پاکستان کی میزبانی میں سارک اجلاس ہونا مشکل ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے خط میں سارک اجلاس پر بھی بات کی تھی اور ساتھ ہی مذاکرات بحال کرنے کی بھی پیشکش کی تھی۔بھارتی حکومت مذاکرات بحال کرنے کی پیشکش قبول کرتے ہوئے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر رضامند ہوگئی اور نیویارک میں 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات طے پائی تاہم بھارت نے دوسرے ہی روز ملاقات منسوخ کر دی ۔یاد رہے کہ 2014 میں سارک سربراہ اجلاس کھٹمنڈو میں ہواتھا جس کے بعد 2016 کا اجلاس اسلام آباد میں ہونا تھا تاہم بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اڑی کیمپ پر حملے کو جواز بنا کر اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا ٗبھارتی انکار کے بعد بنگلادیش، بھوٹان اور افغانستان نے بھی اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔