ایم کیو ایم نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیے
شیئر کریں
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیے ہیں، جن میں این اے 241، 245 اور پی ایس 97، 126 اور 130 شامل ہیں۔ایم کیو ایم نے سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے پانچ حلقوں کے انتخابی نتائج چیلنج کر دیے ہیں، متحدہ کی جانب سے ان حلقوں کے نتائج پر خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔این اے 245 سے فاروق ستار نے پاکستان تحریکِ انصاف کے عامر لیاقت کی کام یابی کو چیلنج کیا، انھوں نے درخواست میں عامر لیاقت کی کام یابی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا کی۔
قومی اسمبلی کے حلقے 241 سے معین عامر پیرزادہ نے فیصلہ چیلنج کیا، اس حلقے سے پی ٹی آئی کے فہیم خان جیتے تھے، معین عامر نے درخواست میں دوبارہ گنتی کرانے کی استدعا کی ہے۔پی ایس 97 سے وقار شاہ اور 126 سے آصف علی نے مدِ مقابل کی کام یابی کو چیلنج کیا، پی ایس 97 سے پی ٹی آئی کے راجہ اظہر جب کہ 126 سے عمر عماری نے نشست اپنے نام کی۔پی ایس 130 سے جمال احمد نے اپنے مدِ مقابل کی کام یابی کو چیلنج کیا، اس حلقے سے بھی تحریکِ انصاف کے محمد ریاض حیدر نے سیٹ جیتی۔متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل مذکورہ حلقوں میں انصاف پر مبنی فیصلے کرے گا۔ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے ساتھ اتحاد ضرور ہے لیکن اتحاد الگ چیز ہے، انتخابی نتائج پر اپنے خدشات سامنے لائے گئے ہیں۔