میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان کا ایک اور اعزاز: آن لائن کمپنی’مرہم‘ نے’گوگل ڈیمو ڈے ایشیا‘ میں ’آڈینس چوائس ایوارڈ ‘جیت لیا

پاکستان کا ایک اور اعزاز: آن لائن کمپنی’مرہم‘ نے’گوگل ڈیمو ڈے ایشیا‘ میں ’آڈینس چوائس ایوارڈ ‘جیت لیا

ویب ڈیسک
هفته, ۲۲ ستمبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

پاکستان میں پہلی مرتبہ آن لائن طبی سہولیات اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ’مرہم‘ نے شنگھائی میں ہونے والے ’گوگل ڈیمو ڈے ایشیا‘ میں ’آڈینس چوائس ایوارڈ ‘ جیت لیا ہے۔ اس ایوارڈ کے لیے پورے ایشیا سے دس اسٹارٹ اپ کو منتخب کیا گیا تھا۔
’ڈیمو ڈے ایشیا‘ ایوارڈ گوگل کی جانب سے نئے اسٹارٹ اپ کی حوصلہ افزائی کے لیے متعارف کرایا گیا ایسا پلیٹ فارم ہے جس میں پورے ایشیا سے زندگی کےمختلف شعبہ جات میں خدمات سر انجام دینے والی نئی آن لائن کمپنیوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ ایوارڈ دینے کا فیصلہ ووٹنگ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اسٹارٹ اپ شروع کرنے آن لائن کمپنیاں اپنی خدمات سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرتی ہیں اور موقع پر موجود سرمایہ کار اپنی پسند کے مطابق ان کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی حامی بھرتے ہیں تاکہ یہ نئی کمپنیاں اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔ چھے ماہ قبل گوگل نے ’ڈیمو ڈے ایشیا‘ ایوارڈ کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایشیا کی بہترین آن لائن کمپنیوں کی تلاش تھا۔ اس ایوارڈ کے لیے پورے ایشیا سے انٹرٹینمنٹ، فوڈ، صحت ، ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے والی 305 نئی آن لائن کمپنیوں کی جانب سے درخواستیں دی گئیں تھی، جن میں سے صرف 10 کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ ان 10 کمپنیوں میں واحد پاکستانی اسٹارٹ اپ ’مرہم‘ کا نام بھی شامل تھا۔ ’مرہم‘ نے دیگر دس کمپنیوں کے ساتھ بیس ستمبر کو چینی شہر شنگھائی میں منعقد ہونے والی تقریب میں اپنے کام کرنے کے طریقہ کار کو متعارف کروایا۔ ’ڈیمو ڈے ایشیا‘ کے ججز ’ جین لی، ذہینگ کنگ شہنگ ، یلپرن ٹی، اور بریڈلے ہورووٹز، کے مطابق انہیں بھی ایشیا کی دس بہترین کمپنیوں کے انتخاب میں دشواری کا سامنا رہا، کیوں کہ ہر کمپنی ہی اپنے طور پر بہترین کام کر رہی تھی۔
اس اعزاز کے بارے میں مرہم کی میڈیا کوآرڈینیٹر اطلس برنی کا کہنا ہے کہ ’گوگل کی جانب سے ’آڈینس چوائس ایوارڈ ‘ کا ملنا نہ صرف ہمارے بل کہ پورے پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’ مرہم کو بنانے کا مقصد ایک عام آدمی کو گھر بیٹھے ماہر ڈاکٹرز کی مدد سے آن لائن سروس فراہم کرنا تھا، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے دو سال قبل ’مرہم ‘ کی بنیاد رکھی گئی اور آج کوئی بھی فرد گھر بیٹھے مرہم کی ویب سائٹ اور اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے نہ صرف کسی بھی بیماری کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی حاصل کرسکتا ہے بل کہ اگر وہ چاہے تو ان ڈاکٹر حضرات سے آن لائن اپائنٹمنٹ لے کر ان کے کلینک جا کر بھی اپنا معائنہ کرواسکتا ہے۔ اس پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے بارہ ہزار سے طبی ماہرین ’مرہم‘ سے وابستہ ہیں۔ اب تک 50 لاکھ سے زائد مریض مرہم کی خدمات حاصل کرچکے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں