بلاول کی سالگرہ تقریب، بلاول ہائوس میں بی بی کے قاتل کا چرچا
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی 29سالگرہ جمعہ کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی منائی گئی۔اس حوالے سے بلاول ہاؤس ،پیپلز سیکریٹریٹ اور پی پی کی ضلعی وعلاقائی دفاتر میں بلاول بھٹوزرداری کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی سادہ تقریب ہوئی۔ تقریب میں بلاول بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی، اقلیتی امور کے صوبائی وزیر کھٹومل جیون ، معروف اداکار ایوب کھوسو ، قیصر خان نظامانی اور گل رعنا بھی موجود تھے۔ پیپلز سیکٹریٹ میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب میں پی پی سندھ کے صدر نثارکھوڑو ، جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور دیگر رہنماء شریک ہوئے۔ نثار کھوڑو ,وقار مہدی ،ڈاکٹر سکندر شورو سمیت دیگر نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ جانثار بے نظیر کی جانب سے بلاول ہاؤس چورنگی پر بلاول بھٹوزرداری کا کیک کاٹا گیا۔اس موقع پر بابر سندھو ،لال بخش بھٹو ،خیر النساء مغل ،محمود جونیجو،سعدیہ جاوید،نادیہ گبول اور دیگر شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی ضلع شرقی کی جانب سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی 29 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا. جس میں ضلع شرقی کے جنرل سیکریٹری لالہ عبدالرحیم، سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت سمیت سٹی ایریا کے سابق عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پیپلز سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثارکھوڑو نے کہا کہ مشرف کو بی بی کا قاتل سمجھتے ہیں۔ پرویز مشرف نے آصف علی زرداری پر جو الزامات لگائے ہیں وہ غلط ہیں۔پرویز مشرف بھگوڑا ہے۔دریں اثناء پیپلز پارٹی کے رہنماء سعید غنی نے کہا ہے پرویز مشرف بینظیر بھٹو قتل کے حوالے سے آصف زرداری پر الزام پہلے بھی لگا چکے ہیں، پیپلز پارٹی نے ایف آئی اے، اقوام متحدہ سے شہید محترمہ کے قتل کیس کی تحقیقات کرائیں جس کے نتیجے میں مشرف پر مقدمہ چلا، سابق صدر ملک واپس آئیں اور عدالت میں اپنی صفائی دیں۔