پی ٹی آئی جلسہ، ریڈ زون مکمل سیل، اسلام آباد جانے والے راستے بھی بند
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال پر پولیس نے ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا جبکہ اسلام آباد جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ ریڈ زون میں جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں جس سے مارگلہ روڈ انٹری پوائنٹ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ اسلام آباد کے داخلی وخارجی راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں، ڈی چوک پر کنٹینرز کھڑے کر کے راستہ بند کر دیا گیا، ریڈ زون میں داخلے کے لیے صرف مارگلہ ایوینو کھلا ہوا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد جانے کے لیے موٹروے کلر کہار انٹرچینج سے مکمل بند کردی گئی جبکہ راوی ٹول پلازہ سے موٹروے کو لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا جس کے باعث راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی میں 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ ہے اور انتظامیہ نے شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا ہے۔