میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چیئرلفٹ آپریشن کئی گھنٹے بعد مکمل، تمام افراد باحفاظت ریسکیو

چیئرلفٹ آپریشن کئی گھنٹے بعد مکمل، تمام افراد باحفاظت ریسکیو

ویب ڈیسک
منگل, ۲۲ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقے آلائی پاشتو میں 600 فٹ کی بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے تمام افراد بشمول بچوں کو 15 گھنٹے بعد باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ بٹگرام کے پہاڑی علاقے آلائی پاشتو میں صبح آٹھ بجے سات بچے اور ایک استاد اسکول جانے کے لیے سوار ہوئے تاہم راستے میں یہ واقعہ پیش آیا، اس کیبل کار کے تین تار تھے جن میں سے دو ٹوٹ چکے تھے اور صرف ایک تار سے چیئر لفٹ ہوا میں ایک تار پر معلق تھی، بلندی پر لفٹ معلق ہونے کی وجہ سے مقامی لوگ امداد سے قاصر تھے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ادارے 1122 اور پاک فوج کی ٹیمیں امدادی کاموں کے لیے وقوعہ پر پہنچیں تاہم کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جس کے بعد ایس ایس جی کمانڈوز کے ذریعے پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ایس ایس جی کمانڈو کو ہیلی کاپٹر سے رسی کی مدد سے چیئرلفٹ کے پاس بھیجنے کی کوشش کی گئی تو ہوا کے تیز دباؤ کی وجہ سے چیئر لفٹ ہلنے لگی جس کے بعد ضروری اشیا اور ادویات پہنچائی گئیں، اس دورانیے میں دل کے مریض سمیت دو بچے لفٹ میں بے ہوش بھی ہوئے۔ پاک فوج کے کمانڈوز نے دو بار کوشش کے بعد اندھیرا ہونے سے قبل آخری بار سلنگ آپریشن کے ذریعے ریسکیو کرنے کا فیصلہ کیا تو اْس میں دو بچوں کو ریسکیو کرنے میں کامیابی ملی۔ بعد ازاں اندھیرے اور موسم کی خرابی کی وجہ سے ہیلی کاپٹر آپریشن بند کردیا گیا اور پھر مقامی رضاکاروں بشمول مانسہرہ سے آئے ماہرین نے ریسکیو کا کام جاری رکھا اور تمام پھنسے افراد کو باحفاظت ریسکیو کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں