کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا اہلیہ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد پہلا بیان ردِ عمل
شیئر کریں
رواں ماہ اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے مستقبل کے حوالے سے بیان جاری کر دیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ وہ اپنے بچوں اور مستقبل پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ جسٹن ٹروڈو گزشتہ ہفتے اپنے اہل خانہ اور اپنی اہلیہ کے ساتھ چھٹیاں گزار کر واپس آئے ہیں جس کے بعد انہوں نے اس حوالے سے گفتگو کی۔ اہلیہ سے علیحدگی کے بارے میں بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائیں گے۔ کینیڈا کے وزیراعظم نے مسلسل رازداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں واقعی کینیڈین لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا۔ واضح رہے کہ 51 سالہ جسٹن ٹروڈو اور 48 سالہ صوفی ٹروڈو کی شادی 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں جن کی عمر 9، 14 اور 15 سال ہے۔ دونوں شخصیات ماضی میں اپنے رشتے میں مشکلات کا ذکر بھی کرچکے ہیں اور انہیں اکثر کئی مواقع پر ساتھ بھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو اور صوفی علیحدگی کی قانونی دستاویزات پر دستخط بھی کرچکے ہیں۔