شہباز گل نے چینل کے ساتھ مل کر فکس پروگرام کیا، وفاقی وزیر داخلہ
شیئر کریں
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میں بطور وزیر داخلہ اس بات کی تردید کرتا ہوں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، میڈیکل رپورٹ میں شہباز گل پر تشدد کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ 10 دن سے شہباز گل کے حوالے سے تشدد کی بات ہو رہی ہے، کہا جا رہا ہے کہ اس پر بڑا ظلم ہوا اور کہنے والا وہ ہے جسے اپنا کیا دھرا یاد ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ لسبیلہ کے شہدا کے خلاف افسوس ناک مہم جوئی کی گئی، یہ سب کچھ عمران کی پشت پناہی پر کیا گیا، اس مہم میں شہدا کے تقدس کو پامال کیا گیا، پاکستان کی ریاست پر وہ الزامات لگائے جو کسی دشمن ممالک نے بھی نہیں لگائے۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے چینل کے ساتھ مل کر فکس پروگرام کیا، شہباز گل کو کہا گیا کہ آپ نے 14 منٹ بات کرنی ہے، یہ ایجنڈا عمران نیازی کا ایجنڈا ہے، نو اگست کو شہباز گل کے بیانیے کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا، میں بلا خوف تردید کہتا ہوں کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس کچھ ہے تو سامنے لائیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بہت سارے سیاست دانوں نے اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کی کتابیں بھی لکھیں لیکن آج تک کسی نے فوج کو اپنے افسران سے بغاوت پر بات نہیں کی، یہ ایک گھنانی سازش ہے اور گھنانا بیانیہ ہے اور اس سازش کو ہم کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔