دہشت گردوں کیلئے مخصوص ڈیتھ سیل میں قید ہوں،عمران خان کا دعویٰ
شیئر کریں
سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں دہشت گرد کی طرح جیل میں بند کیا گیا ہے اور بنیادی انسانی حقوق بھی فراہم نہیں کیے جارہے ۔ان خیالات کا اظہار جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان نے برطانوی اخبار "دی سنڈے ٹائمز”کو ایک غیر معمولی انٹرویو کے دوران کیا، جو ان کے وکلاء کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا کیونکہ انہیں جیل میں پنسل اور کاغذ کی اجازت نہیں ہے ۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان توشہ خانہ ریفرنس، سائفر کیس اور عدت کیس مقدمات میں سزا سنائے جانے پر تقریباً ایک سال سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جس میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی جیل میں بند ہیں۔دی سنڈے ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ "میں 7فٹ بائی 8فٹ کے ڈیتھ سیل میں قید ہوں جو عام طور پر دہشت گردوں کے لیے مخصوص ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے "۔انہوں نے کہا کہ "یہ قید تنہائی ہے جس میں نقل مکانی کے لیے بمشکل کوئی جگہ ہے ، میں ایجنسیوں کی مسلسل نگرانی میں ہوں، 24/7 ریکارڈ کیا جاتا ہے اور مجھے بنیادی قیدی اور انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا جاتا ہے "۔واضح رہے کہ رواں ماہ انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ایک ورکنگ گروپ نے کہا تھا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات قانونی بنیادوں کے بغیر ہیں اور انہیں سیاسی میدان سے باہر کرنے کے لیے سیاسی طور پر محرک ہیں۔