شہدا کی قربانیاں قوم کی امانت، دہشت گردی کیخلاف آخری حد تک لڑیں گے(فیلڈ مارشل)
شیئر کریں
کسی شرپسند کو ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک دہشتگردوں کیخلاف جنگ پوری قومی قوت اور بھرپور عزم کیساتھ جاری رہے گی
شہداء اور غازی اس قوم کا دائمی فخر ہیں،سید عاصم منیرکاجی ایچ کیو میں فوجی اعزازات کی تقریب سے خطاب،50 افسران و جوان ستارہ امتیاز (ملٹری) جبکہ 12 تمغہ بسالت سے نوازے گئے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فوجی اعزازات دینے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران، جوانوں اور شہدا کے اہل خانہ کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کیلئے نمایاں خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا۔تقریب کے دوران 50 افسران اور جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) جبکہ 12 کو تمغہ بسالت عطا کیا گیا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کئے۔ اس موقع پر اعلیٰ عسکری حکام، افسران، جوانوں اور شہدا کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں ہر پاکستانی کیلئے مقدس امانت کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں امن و سلامتی شہدا کی عظیم قربانیوں، فرض شناسی اور بے مثال جذبہ ایثار کی مرہونِ منت ہے۔فیلڈ مارشل نے شہدا کے خاندانوں کے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاریوں اور غیر متزلزل عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی ادارے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں مکمل اور پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی


