میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چمن ، فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کی ریلی کے قریب دھماکا، 7 افراد جاں بحق،14 زخمی

چمن ، فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کی ریلی کے قریب دھماکا، 7 افراد جاں بحق،14 زخمی

ویب ڈیسک
هفته, ۲۲ مئی ۲۰۲۱

شیئر کریں

ضلع چمن کے علاقے مرغی بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ جمعہ کو بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے ساجد مہمند روڈ پر جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنما قادر لونی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں7 افراد جاں بحق ہوگئے، دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت نازک ہے ریسکیوذرائع کے مطابق جے یو آئی کے تحت فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا، ریلی کے اختتامی مقام پر مبینہ طور پر موٹرسائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد کو ریمورٹ کے ذریعے اڑا دیا گیاجس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے ریسکیو کے مطابق دھماکے میں جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی محفو ظ رہے تاہم معمولی زخم آئے۔حکومتِ بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری بیان میں بتایا کہ مرغی بازار چمن میں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کی جانب سے یومِ یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں ریلی نکالی جارہی تھی جس کے قریب دھماکا ہوا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال چمن اور کچھ کو علاج معالجے کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔لیاقت شاہوانی کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا ہے اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما عبدالقادر لونی و قاری مہراللہ بالکل محفوظ رہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔اپنے بیان میں ترجمان بلوچستان حکومت نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اور امدادی اداروں کے کارکنان جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں