ضمنی الیکشن دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا، ایک شخص جاں بحق
شیئر کریں
ظفروال کے حلقہ پی پی 54 میں ضمنی الیکشن کے دوران گائوں کوٹ ناجو میں دو سیاسی جماعتوںکے کارکنوں میں جھگڑے کے دوران ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ جھگڑے کے دوران مبینہ طور پرسر میں ڈنڈا لگنے سے 60 سالہ محمد یوسف شدید زخمی ہو اجسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا کرجان کی بازی ہار گیا۔پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ اطلاعات کے مطابق دو افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے ڈنڈا لگنے سے جاں بحق ہونے والا لیگی کارکن تھا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے مابین تصادم پولنگ اسٹیشن کوٹ ناجو سے 200 میٹر کے فاصلے پر ہوا اور پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے اپنے بیان میں ناروال میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے لیگی کارکن کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف والوں نے حسب روایت غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا ،شکست کے خوف سے یہ بائولے ہوگئے ہیں،پنجاب پولیس فوری لیگی کارکن محمد یوسف کے قاتلوں کو گرفتار کرے ۔انہوںنے کہا کہ پولنگ شروع ہوئے چند گھنٹے ہوئے تھے کہ فتنہ پارٹی نے رونا دھونا پہلے شروع کردیا،ان لوگوں کو بار بار جیت کا چسکا لگاتھا کیونکہ یہ ہمیشہ دھاندلی سے جیتے تھے ،اب ان کو دھاندلی کے لیے سہولت کاری میسر نہیں اس لیے غنڈہ گردی اور قتل و غارت گری پر اتر آئے ہیں۔