خواتین سے متعلق نازیبا ریمارکس ،بھارتی کھلاڑیوں کو 20، 20لاکھ روپے جرمانہ
شیئر کریں
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہردیک پانڈیا اور لوکیش راہول پر ٹی وی شو کے دوران خواتین سے متعلق نازیبا گفتگو کرنے پر 20، 20لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں 25 سالہ آل راونڈر ہردیک پانڈیا اور اوپننگ بلے باز لوکیش راہول کو ٹی وی شو کافی ود کرن میں خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر بیس بیس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ٹی وی شو آن ایئر ہونے کے بعد یہ معاملہ عالمی شہرت حاصل کرگیا جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو معطل کر کے دورہ آسٹریلیا سے واپس گھر بھیج دیا گیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کو نہ صرف 5میچوں سے باہر کردیا گیا تھا بلکہ میچ فیس سے بھی ہاتھ دھونا پڑے تھے ۔بھارتی بورڈ کی جانب سے عائد دونوں کھلاڑیوں کی معطلی کی سزا کو کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن نے 24جنوری کو ختم کردیا تھا اور اس معاملے پر ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے دونوں کھلاڑیوں پر جرمانے عائد کرنے کی سفارش کی جسے بورڈ نے تسلیم کرتے ہوئے 20، 20لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔