محکمہ تعلیم ، نگراں دور حکومت کے فیصلے ریورس ہونا شروع
شیئر کریں
( رپورٹ: مسرور کھوڑو ) محکمہ تعلیم سندھ نے نگراں حکومت میں اساتذہ کے کئے گئے تمام تقرر و تبادلے مسترد کر دیے، سیکریٹری تعلیم نے مذکورہ استادہ کے بایومیٹرک بھی تبدیل کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کے دوران محکمہ تعلیم میں کئے گئے تمام تقرر و تبادلے مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق 6 ستمبر 2023 سے لے کر مارچ کے رواں ماہ تک گریڈ 14 کے پرائمری اسکول ٹیچرز اور جونیئر الیمنٹری اسکول ٹیچرز کے تقرر و تبادلوں کے تمام آرڈر مسترد کیے گئے ہیں، سیکریٹری تعلیم زاہد علی عباسی نے ڈائریکٹر ایچ آر کو احکامات جاری کیے ہیں کہ مذکورہ اساتذہ کے بایومیٹرک واپس کریں جہاں پر ان کی پہلے پوسٹنگ تھی، واضح رہے کہ نگراں حکومت میں سیکریٹری تعلیم شیریں مصطفیٰ کی جانب سے تبادلہ کرنے والے اساتذہ میں 13 نئے بھرتی ہوئے اساتذہ بھی شامل تھے، محکمہ تعلیم کے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق ان پر تین برس کے لیے تبادلوں پر پابندی عائد ہے، لیکن ان سمیت دیگر کئی اساتذہ کے تبادلے کئے گئے جو کہ نئے آئے سیکریٹری تعلیم نے مسترد کیے ہیں۔