اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالے گی، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تھرکا صحرا آج پورے پاکستان کیلئے روشنی پھیلا رہا ہے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا مرکز بن رہا ہے، زراعت ، ٹیکنالوجی،تجارت، سرمایہ کاری اور اکنامک زونز کا قیام سی پیک کا اگلہ مرحلہ ہے جسے اب آگے بڑھانے کا وقت آگیا ہے، اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالے گی،پاکستان کی ترقی کے دشمن اوربدخواہوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، آئین پاکستان ہم سب کیلئے مقدم ہے ، پاکستان کے وسیع تر مفاد کیلئے ہمیں اپنی ذات کو قربان کرنا پڑے تو یہ کوئی قربانی نہیں ،کوئی قانون اور آئین سے بالاتر نہیں، کوئی اس ملک کے اندر دہشت گردوں کو پناہ نہیں دے سکتا، دہشت گردوں کوڈھال بنانا ناقابل برداشت ہے اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وہ بدھ کوتھرمیں مقامی کوئلے سے چلنے والے توانائی کے 2 منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وفاقی وزرا احسن اقبال، چوہدری سالک حسین، انجینئر خرم دستگیر، مریم اورنگزیب ، چینی نائب ناظم الامور پانگ چن شوئی ، سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ اور پاکستانی اورچینی کمپنیوں کے حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ آج پورے پاکستان کیلئے یہ خوشی کا دن ہے کہ آج تھرکے صحرا میں مزید محنت اور شبانہ روز کاوشوں سے 330میگاواٹ کا ایک منصوبہ تھل نوووا تھر اور 1320میگاواٹ کا ایک اورمنصوبہ شنگھائی الیکٹرک جو تھرکول بلاک سے منسوب ہے،کا آج افتتاح ہوا ہے۔