شعیب اختر نے راولپنڈی ایکسپریس بائیو پِک سے خود کو الگ کرلیا
شیئر کریں
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنی سوانح حیات پر بننے والی بائیو پِک سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایک پیغام شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’’راولپنڈی ایکسپریس‘‘ کے نام سے بنائی جانے والی میری بائیو پک پر کچھ اختلافات تھے جس کے باعث انہوں نے خود کو الگ کرلیا ہے۔سابق کرکٹر نے فلم میکرز اور انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر وہ ان کی سوانح عمری پر فلم بناتے رہے اور ان کے نام یا زندگی کی کہانی کے واقعات کو کسی بھی طرح استعمال کیا تو انکے ‘‘سخت قانونی کارروائی’’ عمل میں لائیں گے۔شعیب اختر نے بیان میں کہا کہ بہت افسوس کے ساتھ میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ مہینوں کے غور و فکر کے بعد میں نے اپنی انتظامیہ اور قانونی ٹیم کے ذریعے معاہدہ ختم کرتے ہوئے فلم ’’راولپنڈی ایکسپریس‘‘ سے خود کو الگ کرلیا ہے، یقینی طور پر یہ میرا خواب تھا جسے میں حقیقت کا رنگ دینا چاہتا تھا لیکن بدقسمتی سے معاملات ٹھیک نہیں ہوئے اور ہمیں فلم کو روکنا پڑا۔