سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، پاکستان کا شدید اظہار مذمت
شیئر کریں
پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بے ہودہ اور اشتعال انگیز اسلامو فوبیا پر مبنی فعل ہے ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق سویڈن میں ترک سفارتخانے کے باہر ایک احتجاج کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی اور اسے نذر آتش کیا گیا، جس پر ترک حکومت نے استنبول میں سویڈش سفیر کو طلب کرلیا۔ترکی نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سویڈش وزیر کا دورہ بھی منسوخ کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا فعل قابل مذمت ہے، یہ بے ہودہ اور اشتعال انگیز اسلامو فوبیا پر مبنی فعل ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے سے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا ہے، ایسی کارروائیوں کا آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا کے مسلمان تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی براداری کو اِن اصولوں کی مکمل حمایت کرنی چاہئے، عالمی برادری کو اسلاموفوبیا، زینوفوبیا اور عدم برداشت کیخلاف یکسان مؤقف اختیار کرنا چاہئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مذہب اور عقائد کی بنیاد پر تشدد کے خلاف بھی مل کر کام کرنا ہوگا، قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔