میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان ریلوے میں اکھاڑ پچھاڑ،کراچی اور گوادر کے ڈی ایس سمیت 9 افسران کے تبادلے

پاکستان ریلوے میں اکھاڑ پچھاڑ،کراچی اور گوادر کے ڈی ایس سمیت 9 افسران کے تبادلے

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۲ جنوری ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) روزنامہ جرأت کراچی کی 8 جنوری کی خبر درست ثابت ہو گئی، کراچی اور گوادر کے ڈی ایس ریلوے سمیت 9 افسران کے تبادلے کر دیے گئے، آئندہ چند روز میں پاکستان ریلوے میں مزید اکھاڑ پچھاڑ کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے میں ایڈیشنل جنرل منیجر انفرا اسٹرکچر شا ہ رخ افشار کی خدمات مزید تقرری کے لیے وزارت ریلوے کے سپرد کر دی گئیں ہیں۔ چیف انجینئر ہیڈ کوارٹر سید آصف متین زیدی کو ایڈیشنل جنرل منیجرانفرا اسٹرکچر ہیڈ کوارٹر،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی ارشداسلام خٹک کو چیف انجینئر ہیڈ کوارٹر،چیف کنٹرولر آف اسٹوراعظم غفور کوچیف کنٹرولر آف پرچیز، جبکہ چیف کنٹرولر آف پرچیز سہیل اقبال صدیقی کو تقرری کے لیے جنرل منیجر ریلوے کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تقرری کے منتظر ارشد شہزاد کو چیف کنٹرولر آف اسٹور ہیڈ کوارٹر اور گریڈ 19کے محمود الرحمن لاکھو کوڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ منسٹری آف ریلوے،گریڈ 18کے سینئر ٹریفک منیجر ’’فریٹ ہیڈ کوارٹر‘‘ سید امتیاز حسین فاروقی کو ڈائریکٹر آپریشن منسٹری آف ریلوے مقرر کیا گیا ہے۔حالیہ دنوں ریلوے میں مزید اصلاحات کے لیے وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نمایاں کارکردگی کے حامل افسران کی کار کردگی کا جائزہ لے رہے ہیں ،جبکہ محکمے سے کالی بھیڑوں کا صفایا کرنے کے لیے بھی پر عزم دکھائی دیتے ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ کئی دہائیوں سے کارروائیوں سے بچنے والے مختلف ریلوے حادثات کے ذمہ دارافسران کیخلاف ٹھوس حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے، جبکہ محکمے میں سیاسی پشت پناہی پر طویل عرصے سے ایک ہی شہر میں ملازمت کرنے والے افسران کا بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، آ ئندہ چند روز میں پاکستان ریلوے میں مزید تقرریوں و تبادلوں کا امکان ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں