میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکمرانوں کی پہلے چھٹی ،پھرہم سے بات کرو،آصف زرداری

حکمرانوں کی پہلے چھٹی ،پھرہم سے بات کرو،آصف زرداری

ویب ڈیسک
منگل, ۲۱ دسمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ملک چلانے اور سنبھالنے کے لیے ایک سوچ ہوتی ہے، فارمولا بنا بناکر ملک کا بیڑا غرق کررہے ہیں۔ پہلے دن ہی کہا تھا کہ نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی۔جب بھی ملک پر مشکلات آئیں پیپلز پارٹی نے ملک کا ساتھ دیا، پاکستان کے مسائل سے ہم واقف ہیں، ہمارے مسئلے ہم ہی حل کرسکتے ہیں۔ مجھے آنے والی نسلوں کا سوچنا ہے، آج بھی بھٹو صاحب اور بی بی بے نظیر مجھ سے بات کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے نواب شاہ میں ہونے والے ظہرانے کی ایک تقریب میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔، انہوں نے کہا کہ مجھے آنے والی نسلوں کا سوچنا ہے۔ مجھے فکر ہے کہ آنے والے پندرہ سالوں میں کیا ہوگا، ہم نے قربانیاں دیں اور سیاست سے رشتہ جوڑا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کارکنان کو بتایا کہ آج بھی شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید بی بی بے نظیر مجھ سے بات کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا قرضہ 30 ارب تھا جو آج بڑھ کر 60 ارب تک ہوگیا ہے، میں نے کل نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے، زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، اللہ قبر تک ایمان دے، میں جیل گیا تھا تو بتا کر جیل گیا تھا۔میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ ہم سب کو ایمان دے، ہم سب مل کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔انہوںنے کہا کہ پہلے دن اسمبلی میں کہا تھا آپ نے چوں چوں کا مربہ بنا تو لیا ہے، لیکن یہ چلے گا نہیں۔ پہلے دن ہی کہا تھا کہ نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، دراصل فارمولا بنا بناکر ملک کا بیڑا غرق کر رہے ہیں۔ آج ڈالر کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہے، ضرورت ہی نہیں تھی ڈیویلویشن کرنے کی۔سابق صدر نے کہا کہ جتنے ہم پر قرض تھے اس حکومت میں ڈبل ہوگئے ہیں، نیا پاکستان تو دور کی بات، انہوں نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کردیا۔ لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، ملک چلانے اور سنبھالنے کے لیے ایک سوچ ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ بی بی شہید پر کیس بنایا گیا کہ تم نے نوکریاں دیں تو محترمہ شہید نے کہا میں روزگار دیتی رہوں گی، آپ کیس بناتے رہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری جماعت ہی ہے جو ملک کو چلا اور سنبھال سکتی ہے، تجربات کرکر کے ملک کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے، اس ملک پر جب بھی کوئی مصیبت آئی پیپلزپارٹی نے ہی اس کو سنبھالا ہے، ہم اب بھی تیار ہیں لیکن بات سیدھی ہے کہ پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی کرو، پھر ہم سے بات کرو تو پھر ہم ملک سنبھالیں گے۔اس حکومت نے تو ملک کا خانہ خراب کر دیا ہے، مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے اور منی بجٹ پیش کیا جارہا ہے، غریب عوام سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، ہم عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ پرویز مشرف حکومت میں چینی اورآٹے کا بحران پیدا ہوا اور چینی و آٹا امپورٹ کیا جانے لگا تھا تو ہم نے اقتدار میں آکر ایک سال میں بحران ختم کیا اوران اشیا کو ایکسپورٹ کرنا شروع کیا، عوامی طاقت کے خلاف جو بھی آئے گا چاہے وہ سردار ہو میر ہو یا پیر، سب یاد رکھیں کہ ووٹ عوامی ووٹ ہمارا اور آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ فرماتے ہیں کہ کوئی فارمولہ بنائیں، انہیں کہہ دیا کہ پہلے ان کی چھٹی ، پھر ہم سے بات کرو۔ مجھے سپر پاور نے کہا تھا کہ آپ کو سب سے مضبوط صدر بنایا ہے،میں نے 3 ماہ بعد ساری پاور پارلیمنٹ کو دے دی ۔انہوںنے کہا کہا کہ ابھی تو میں نے لاہور میں صرف قدم رکھا ہے ،انکی وکٹ پر ا ن کی بولنگ پر میں سکسر ماروں گا ۔میرے لیے دعا کرنا مجھے اللہ ہمت دے ،پاکستان بنانا ہے، یہ آسان ہے جو ان سے بنتا نہیں ہے،یہ سمجھتے بھی نہیں ہے، وقت آئے گا ان کو سننا بھی پڑے گا اور سمجھنا بھی پڑے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں