میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
میگا منی لانڈرنگ کیس،آصف زرداری کی ضمانت میں7 جنوری تک توسیع

میگا منی لانڈرنگ کیس،آصف زرداری کی ضمانت میں7 جنوری تک توسیع

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۱ دسمبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7جنوری تک توسیع کر دی۔ جمعہ کو سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور میگا منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے ۔عد الت میں پیشی کے موقع پر کارکنان کی جانب سے کمرہ عدالت میں گھسنے کی کوشش کی اور آصف زرداری کے حق میں نعرے بازی کی، جس پر عدالت کے جج کمرہ عدالت کی صورتحال پر برہم ہوئے ۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ اس کیس میں کیا پوزیشن ہے ، جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے ۔
اوراس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے ۔ ایف آئی اے کے پراسیکوٹر کے اس جواب پر عدالت نے سابق صدر آصف علی زرادری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 7 ؍جنوری تک توسیع کردی۔ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کی پیشی کے موقع پر کراچی کی بینکنگ کورٹ کے باہر پولیس نے سکیورٹی بڑھا دی ،پی پی پی خواتین ونگ نے بھی تمام عہدیداران کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی اور بڑی تعداد میں جیالے بھی آصف زرداری اور فریال تالپور کے استقبال کے لیے موجود تھے ۔بینکنگ کورٹ کے باہر قائدین کے حق میں بینرز بھی آویزاں کیے گئے تھے ۔ ۔سکیورٹی اہلکاروں نے بینکنگ کورٹ کا گیٹ غیر متعلقہ افراد کے لیے بند کر دیا ۔سابق صدر آصف علی زرداری سے قبل ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک بینکنگ کورٹ پہنچے ۔ اس موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کی گرفتاری ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کیس کی سماعت مکمل ہونے تک حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیس کاحتمی چالان جمع نہیں ہوا ہے ، چالان کے بغیر گرفتاری ممکن نہیں،ہم نے سپریم کورٹ میں کیس سے متعلق درخواست دی ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں