میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں رکاوٹ کون؟

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں رکاوٹ کون؟

منتظم
جمعرات, ۲۱ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

محمد شاہد محمود
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا میں 86برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان کی رہائی کے لیے ڈاکٹر عافیہ موومنٹ کے پلیٹ فارم سے بھرپور جدوجہد جاری ہے ۔ ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی اس تحریک کی روح رواں ہیں اور ملک کے کونے کونے میں جاکر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے آواز بلند کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوںنے سال 2017ء کا المیہ کے نام سے ایک خط بھی تحریر کیا ہے جسے میں چاہتا ہوں کہ قارئین کی نذر کیا جائے۔ وہ اپنے مکتوب میںلکھتی ہیں کہ میرے پاس الفاظ نہیں جن سے میں اپنے جذبات کا اظہار کرسکوں مگر میرے رب کے پاس وہ رحمتیں اور برکتیں ہیں جن کی آپ پر نزول کی میں دعا گو رہتی ہوں۔میں ایک مرتبہ پھر آپ سے اس لیے رابطہ کررہی ہوں کہ ایک اور عیسوی سال2017 اختتام پذیر ہے۔اس سال کے آغاز میں 20 جنوری کو جب باراک اوباما اپنی آئینی مدت صدارت پوری کرکے سبکدوش ہورہے تھے تو عافیہ کے امریکی وکلاء اسٹیون ڈانز اور کیتھی مینلے صدر مملکت ممنون حسین یا وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے ایک خط کے منتظر تھے۔ عافیہ کی صدارتی معافی کے ذریعے رہائی کے لیے عافیہ کے وکلاء مکمل طور پر پرامید تھے۔ یوں سمجھئے کہ عافیہ کی رہائی اوروطن واپسی میں ’’رکاوٹ‘‘ حکومت پاکستان کا ایک خط بن رہا تھا۔ ہم اس ایک خط کے حصول کے لیے مارچ 2016 سے 20 جنوری 2017 تک جدوجہد کرتے رہے تھے۔ میںاورعافیہ کے امریکی وکلاء پاکستان کے 22 کروڑ عوام موجودہ صدر مملکت ممنون حسین سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف،سابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے بار بار رابطہ کرکے ’’ایک خط‘‘ کے لیے درخواستیں اور آخر میں التجائیں کرتے رہے لیکن حکمرانوں کے ’’سنگ‘‘ دل’’ موم‘‘ نہ ہوسکے۔
اس دوران آپ جیسے دردمنددل رکھنے والے کالم نویسوں اور صحافی برادری نے اس دینی و قومی فریضہ کی ادائیگی کے لیے عوام کو حقیقت حال سے روشناس کرایا جس کی بدولت ملک کے چپے چپے سے عافیہ کی رہائی کے لیے خط لکھنے کا مطالبہ کیا جانے لگا۔ ان 9 ماہ میںملک بھر میں عوام،عافیہ موومنٹ کے رضاکاروں اور مختلف سیاسی و دینی جماعتوں نے عافیہ کی حمایت میںجدوجہدکا سلسلہ شروع کیا۔ایک جانب کراچی اور حیدرآباد پریس کلب کے باہرعافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین و حضرات نے 86 روزہ ’’عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ‘‘ کا انعقاد کیاتو دوسری جانب عافیہ موومنٹ ،خیبرپختونخوا کے رضاکاروں نے لکی مروت سے براستہ بنوں، ڈومیل، کرک، لاچی، کوہاٹ تا پشاور بعد ازاں پشاور سے براستہ پبی،نوشہرہ، اکوڑہ خٹک ،جہانگیرہ، خیرآباد، اٹک تا اسلام آباد ’’عافیہ رہائی پیدل مارچ‘‘ کئی سوکلومیٹر پیدل چل کر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے ’’امریکی صدر کو ایک خظ لکھنے‘‘ کا مطالبہ اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا۔ اس دوران میں حیدرآباد، پشاور،لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کئی دیگر شہروں میں گئی اور جہاں پر ڈاکٹر عافیہ کے حق میں مختلف سیاسی، سماجی اور دینی جماعتوں اور عافیہ موومنٹ کے جلسے، جلوسوں اور ریلیوں میں شرکت اورپریس کانفرنسوں سے خطاب بھی کیا۔ جیسے جیسے امریکی صدر باراک اوبامہ کی سبکدوشی کی تاریخ 20 جنوری نزدیک آتی گئی۔
ملک کے کونے کونے سے عافیہ کی وطن واپسی کے لیے خط لکھنے کا مطالبہ زور پکڑتا گیا تو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بالواسطہ اور بلاواسطہ پیغامات آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا کہ عافیہ کو جلد بارٹر سسٹم کے تحت واپس لانے کی خوشخبری پوری قوم کو دی جائے گی۔ جہاں آپ کے گھرانے نے اتنا صبر کیا اورقربانیاں دی ہیں تو ملک و قوم کے لیے کچھ دن اور صبرکرنے کی قربانی دے دیں۔ الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے یہ بات عام کی گئی اور ٹی وی ٹاک شوز میں بھی پرائم منسٹر ہائوس کے حوالے سے عافیہ کو بارٹر سسٹم (شکیل آفریدی کے تبادلے میں) واپس لانے کے آپشن پر بھی اظہار خیال کیا گیا۔ 20جنوری کا دن ہی نہیں گذر گیا، 2017 کا سال بھی گذرنے والا ہے۔’’ کیا یہ 2017 کا المیہ نہیں ہے کہ عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کا ایک اور موقع حکمرانوں اور ارباب اختیار نے گنوا دیا‘‘ جس کے باعث عافیہ کاایک اور سال جرم بے گناہی کی پاداش میں امریکی قید تنہائی میں گذر گیا۔سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی دیگر سیاستدانوں اور اپنے پیشرو حکمرانوں کی طرح عافیہ کو قوم کی بیٹی کہا تھا۔ 2013 میں برسراقتدار آنے کے فوراََ بعدعافیہ کی والدہ عصمت صدیقی اور بیٹی مریم سے ملاقات میں عافیہ کو 100 دن میں واپس لانے کا وعدہ کیا تھا۔ میاں محمد نواز شریف تو اقتدار میں نہیں رہے لیکن ان کی جماعت مسلم لیگ ن اب بھی برسراقتدار ہے۔ میاں صاحب کے پاس غالباََ اپنے وعدوں کی تکمیل کا آخری موقع اب بھی باقی ہے۔گذشتہ ڈھائی سالوں میں عافیہ سے ٹیلی فون پر ہونے والی چند منٹ کی بات چیت کا سلسلہ بھی منقطع ہوچکا ہے۔
اس سے قبل عافیہ کی صحت سے متعلق تشویشناک اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔ اس سال مارچ کے مہینے میں پاکستانی ذرائع ابلاغ کے ذریعے اہلخانہ کو پتہ چلا کہ ہیوسٹن امریکا کے پاکستانی قونصل خانے کی قونصلر جنرل عائشہ فاروقی عافیہ سے ملاقات کرنے جیل گئی تھیں۔ عائشہ فاروقی کا بیان ہے کہ جنیوا کنونشن کی شق 2047 کا حوالہ دینے پر انہیں ملاقات کے لیے اس بیرک تک لے جایا گیاجہاں عافیہ قید ہے۔ عائشہ فاروقی بتاتی ہیں کہ ’’سلاخوں کے پیچھے بیڈ پر ایک خاتون منہ پر چادر اوڑھے لیٹے ہوئے تھی۔ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ہڈیوں اور گوشت کا ڈھیر بیڈ پر دھرا ہو، بے حس و بے حرکت۔ جیل حکام کی جانب سے بتایا گیاکہ یہی عافیہ ہے‘‘۔ اس طرح عافیہ کے زندہ ہونے کی تصدیق ہو کسی ہے۔ عافیہ کی صحت کی تشویشناک اطلاعات کے بعد حکومت سے کئی بارعافیہ سے ملاقات کرانے کی درخواست کی جاچکی ہے۔ عافیہ کی ضعیف اور باہمت والدہ اپنی بیٹی اوردونوں بچے احمد و مریم اپنی ماںسے ساڑھے 14 سال سے ملاقات کے لیے ترس گئے ہیں۔ میں خود بھی اپنی بہن عافیہ سے ملنا چاہتی ہوں تاکہ بحیثیت ڈاکٹر عافیہ کی صحت کا اندازہ کرسکوں۔میری حکومت وقت اور ارباب اختیار سے استدعا ہے کہ ہماری عافیہ سے ملاقات کرانے کا سرکاری طور پر بندوبست کیا جائے جس کے تمام تر اخراجات ہم نجی طور پر برداشت کریں گے۔
تاریخ گواہ ہے کہ صرف ان قوموں اور تہذیبوں نے ترقی کی ہے جن کی لیڈرشپ ’’غیرت مند‘‘تھی۔جب ایک بھارتی خاتون کو نیویارک میں امریکی قوانین کی خلاف ورزی پرمقامی پولیس نے گرفتار کیاتو فوری طور پر انڈیا میں گویا ایک بھونچال آگیا۔ وہاں کی حکومت، اپوزیشن، فوج،ریاستی ادارے، سول سوسائٹی اور عام آدمی قومی یکجہتی کے ساتھ سراپا احتجاج ہوئے۔یہاں تک معاملہ امریکا سے سفارتی تعلقات توڑنے کی حد تک پہنچ گیا۔جس پر امریکیوں کو گھٹنے ٹیکنے پڑ گئے۔اس وقت دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت میں انڈیا کا تیسرا نمبر ہے۔ ایسا اس وقت ہوتا ہے جب لیڈرشپ غیرتمند ہو۔ عافیہ کی رہائی کی جدوجہد عالمگیر حیثیت اختیار کرچکی ہے۔ ہر براعظم میں عافیہ کی رہائی کے لیے آواز بلند کی جارہی ہے۔پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک کے علاوہ امریکا میں بھی قانون دان، دانشوراور سول سوسائٹی کے ارکان عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ہم نے عافیہ کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ حکمرانوں کو ان کے وعدے اور آئینی فریضہ کی تکمیل کی ادائیگی کے لیے زنجیر عدل بھی ہلا چکے ہیں۔ اس سلسلے میںاسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن نمبر 3139/2015، لاہور ہائی کورٹ میں 1071-H/2009 اور سندھ ہائی کورٹ میں 1315/2013 دائر ہیںلیکن حکمرانوں اور ریاستی حکام نے عدالتوں کے احکامات پربھی عمل نہیں کیا۔ مسلمانوں کی تاریخ میں عظیم جرنیل محمدبن قاسم و طارق بن زیاد، عباسی حکمران معتصم باللہ اورعثمانی سلطنت کے فرماں روا سلطان محمد فاتح نے بیٹیوں کی حفاظت کے لیے تاریخ اور جغرافیہ تبدیل کیا ہے۔
وقت تیزی سے گذر رہا ہے۔ الحمدللہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے سیاسی ،دینی، سماجی رہنمائوں ،اساتذہ، وکلاء، الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی،ایڈیٹرز، کالم نویس،اینکرپرسن،رپورٹر، فوٹوگرافر، کیمرہ مین، مزدور، کسان، طلبہ و طالبات غرض کہ ہرشخص غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حصہ کا فرض ادا کررہا ہے۔ اگر کہیں کمی نظر آئی ہے تو وہ ہمارے حکمرانوں،سیاسی قائدین اور پارلیمنٹ اور اقتدار کے ایوانوں کے کردار میں نظر آئی ہے۔ موجودہ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی عافیہ کے اہلخانہ اور عافیہ کے وکلاء کو اعتماد میں لے کر’’ کرسمس‘‘ کے موقع پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے عافیہ کی رہائی کے لیے بات چیت کریں تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ تیزی سے اختتام پذیر اس سال 2017ء میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں سے ایک اہم اور المناک واقعہ یہ بھی ہے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی قیدناحق کا خاتمہ اور وطن واپسی ’’سابق وزیراعظم نوازشریف یا صدرمملکت ممنون حسین کے ایک خط‘‘ نہ لکھنے کی وجہ سے نہ ہوسکی۔ میں سمجھتاہوں کہ موجودہ حکمرانوں کو کسی قسم کی مصلحت پسندی سے کام نہیں لینا چاہیے اور فوزیہ صدیقی کو اعتماد میں لیتے ہوئے ان کی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں