میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بنوں میں چیک پوسٹ پر حملہ، 12جوان شہید،6دہشت گردہلاک

بنوں میں چیک پوسٹ پر حملہ، 12جوان شہید،6دہشت گردہلاک

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۱ نومبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

بنوں میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کرنے و الے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 12جوان شہید ہو گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19نومبر کو دہشت گردوں نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ سکیورٹی فورسز کی مؤثر مزاحمت کے باعث دہشت گرد چیک پوسٹ میں داخل نہیں ہوسکے ، جس پر انہوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دیا۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا۔خودکش دھماکے میں 12 بہادر سپوت شہید ہوگئے ، جن میں 10سیکورٹی فورسز کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شامل ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے عمل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا ہے ۔ انہوں نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا ۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں