مہنگائی کیخلاف پی ڈی ایم میدان میں آگئی ،راولپنڈی سے احتجاجی مظاہرے
شیئر کریں
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی،بیروز گاری اور معاشی بد حالی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا آغاز راولپنڈی سے کر دیا۔ راولپنڈی میں حکومت مخالف مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں مریم اورنگزیب ، سابق ایم این اے حنیف عباسی ،سردار نسیم اور ملک ابرارنے کی ، جبکہ شرکاء میں ن لیگ اور جے یو آئی (ف)کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کی بھی احتجاجی مظاہرے میں نمائندگی موجود تھی ،احتجاجی مظاہرین نے حکومت مخالف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے صبح مری روڈ پہ رکاوٹیں لگا دی گئی تھیں لیکن دوپہر تک کارکنان لگائی جانے والی تمام رکاوٹوں کو ہٹا کر لیاقت باغ کے سامنے منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے پہنچ گئے تھے۔خواتین کارکنان نے اس موقع پر احتجاجی دھرنا دیا اور فلک شگاف نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کی بڑی تعداد آٹا چور حکومت اور گیس چورحکومت کے نعرے لگاتی رہی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو اب سڑکوں پر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک نا اہل چوروں کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا ہے لہذا نالائقوں کو گھر جانا ہو گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ترقی کرتے ہوئے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے اور ملکی سلامتی کو تماشہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حالت یہ ہے کہ لوگوں کے پاس ادویات، چینی اورآٹا خریدنے کے بھی پیسے نہیں ہیں۔ن لیگ کی مرکزی رہنما نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پستے لوگ بچوں کی فیس تک ادا کرنے سے قاصر ہیں، گھروں کا کرایہ تک ان سے ادا نہیں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نا اہل چوروں کی وجہ سے ہرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا برا حال ہو چکا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک اب مزید چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، ان نا لائقوں کو گھر جانا ہو گا۔انہوں نے دعوی کیا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ ان کا دعوی تھا کہ ارباب اقتدار کو ووٹ دینے والے بھی اب پریشان ہو کر انہیں بد دعائیں دے رہے ہیں۔