الیکشن کمیشن کا عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27ستمبر 2023کو شائع کر دی جائے گی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔