انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان پہنچ گئیں
شیئر کریں
ہولی وڈ اداکارہ اور سماجی کارکن انجلینا جولی منگل کی دوپہر پاکستان پہنچی ہیں تاکہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے براہ راست بات اور ان کی مدد کرسکیں۔ انجلینا جولی اس وقت سندھ کے ضلع دادو کے دورے پر ہیں جہاں وہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انجلینا جولی صورتحال کا خود مشاہدہ کرنے کے لیے آئی ہیں تاکہ وہ لوگوں سے ان کی ضروریات اور مستقبل میں ایسی پریشانیوں سے بچنے کے بارے میں پوچھ سکیں۔ اداکارہ انجلینا جولی مبینہ طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے دادو کے زمزمہ آئل فیلڈ پہنچی ہیں، اور انہوں نے کشتی کے ذریعے جوہی اور ارد گرد کے علاقوں کا سروے کیا، توقع ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کریں گی۔ اس سے قبل انجلینا جولی 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے سیلاب کے بعد ہنگامی ردعمل کے آپریشنز کے تحت وہ دورہ کر رہی ہیں۔