معتدل ہیٹ ویو کا آغاز، ہسپتالوں کو الرٹ جاری
شیئر کریں
کراچی میں سے معتدل ہیٹ ویو کا آغاز ہوگیا جبکہ شہر کے ہسپتالوں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 4 روز کے دوران ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہنے کا خدشہ ہے ، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ۔کراچی میں ممکنہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر ڈائریکٹر ہیلتھ آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، جبکہ سندھ حکومت کے ماتحت شہر کے تمام سرکاری ہسپتا لوں میں ہیلتھ الرٹ جاری کیا گیا ہے اور ہسپتا لوں میں خصوصی وارڈ بنانے کی ہدایت کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر میں شمالی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہے ۔ہیٹ ویو کے دوران مطلع صاف رہنے سے سورج کی تپش براہ راست زمین پر پڑنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی جبکہ میدانی اور خشک علاقوں کی ہوائیں موسم گرم رکھیں گی۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بحیرہ عرب کے مشرقی وسطی حصے میں ہوا کا کم دباو موجود ہے جو آئندہ دو دن کے دوران ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے اور یہ ڈپریشن کراچی میں آئندہ 4 روز تک معتدل ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں معتدل ہیٹ ویو جیسی صورتحال 24 ستمبر تک برقرار رہے گی اس دوران پارہ 38سے 40ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے ۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ ہوا کے کم دبائو کے اثرات جنوب اور جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر 24اور 25ستمبر کے دوران مٹی کے طوفان اورگرج چمک کے ساتھ بارش برسا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ مئی کے بعد اکتوبر گرم ترین مہینوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اس دوران ہیٹ ویوآنے کے امکانات بھی رہتے ہیں۔