عمران نیازی وضو کرکے زرداری کا نام لیں، سیاستدانوں کو احترام کی حد سے باہر نہیں جانا چاہئے، خورشید شاہ
شیئر کریں
کراچی/ لاہور/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو احترام کی حد سے باہر نہیں جانا چاہئے، اگر باتیں نکلیں گئیں تو خطرناک حد تک نکلیں گی جودور تک جائیں گی۔ ان خیالات کااظہار بلاول ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں کبھی گالی گلوچ کی سیاست ہوا کرتی تھی جسے تمام سیاسی جماعتوں نے ختم کیا، لیکن یہ روایت عمران خان نے اب دوبارہ شروع کر دی ہے۔ عمران خان کی زبان کسی سیاست دان کی زبان نہیں ہوتی، انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے والد مرحوم حاکم علی زرداری کی پراپرٹی سے متعلق جو الزامات عائد کیے ہیں وہ بے بنیاد ہیں، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے والد کے پاس نہ تو کوئی سرکاری عہدہ تھا اور نہ وہ 62یا 63کے زمرے میں آتے تھے اور نہ ہی انہوں نے کوئی کرپشن کی، یہ سب چیزیں ان کے پاس اس وقت سے ہیں جب عمران خا ن پیدا بھی نہیں ہوا تھا، خورشید شاہ نے کہا کہ ہم الزامات کی سیاست کو برداشت نہیں کریںگے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آصف زرداری پر کرپشن الزامات کے جواب میں پیپلز پارٹی رہنمائوں کا ردعمل جاری، سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان سب کو چور ثابت کرکے خود کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں، ان کو بڑا وزیراعظم بننے کا شوق ہے، دوسروںپر کرپشن کا الزام لگانے والے عمران خان قوم کو یہ کیوں نہیں بتاتے ان کے والد کو نوکری سے کیوں نکالا گیا؟ یہ ان کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر پیپلز پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ رمیش لعل نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے اخلاق سے گری ہوئی باتیں کیں ٗبلاول بھٹو، ذوالفقارعلی بھٹو کے نواسے اور بے نظیر بھٹو کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے سیاست گھرسے سیکھی ہے، عمران نیازی بتائیں کہ انہوں نے کہاں سے سیاست سیکھی ہے۔ وہ ایک ہفتے کے نوٹس پر سیاسی جلسہ کیسے کرتے ہیں، این اے 120 کے معاملے میں عمران نیازی نے سپریم کورٹ کا نام لیا جس پر عدالت نوٹس لے۔خاتون رکن اسمبلی ثریا جتوئی نے کہا کہ عمران خان آصف زرداری صاحب کا نام لینے سے پہلے وضو کرکے آئیں ٗآصف زرداری سینما کی ٹکٹیں نہیں بیچتے تھے ان کا اپنا سینما ہے، عمران خان کا نام ناکام نیازی ہونا چاہیے، قیادت نے روکاہے، ورنہ عمران کا ایسا حال کرتے جو ارباب رحیم کا ہو۔عمران خان کی آصف زرداری پر کرپشن منی لانڈرنگ کے الزامات پر پیپلز پارٹی کے سعید غنی شدید برہم کہا کہ عمران خان کی اخلاقی اور مالی کرپشن کی گواہی ان کی اپنی پارٹی کے لوگ دے رہے ہیں، 70سالہ شخص نوجوانوں کا لیڈر نہیں بن سکتا، زرداری پر تنقید کے ردعمل میں سعید غنی نے کہا کہ آصف علی زرداری عدالتوں سے باعزت بری ہوچکے ہیں ،عمران خان عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں کرپٹ لوگوں کے جھرمٹ میں کرپشن کیخلاف عمران خان ہی بول سکتا ہے۔