جناح ہاؤس حملہ کیس: یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ کے ریمانڈ میں 11 دن کی توسیع
شیئر کریں
جناح ہاؤس حملے میں گرفتار تحریک انصاف کی سابقہ وزیر یاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11، 11 دن کی توسیع کر دی گئی۔ مسلم لیگ ن کا آفس جلانے، عسکری ٹاور پر حملہ آور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے سمیت دیگر مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت شروع کی، تو تفتیشی افسر نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پر ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) آفس پر حملے، عسکری ٹاور پر حملے اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ یاسمین راشد کی چار مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں یکم ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب جناح ہاؤس حملہ اور توڑ پھوڑ میں گرفتار سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عمر سرفراز چیمہ کو طبیعت کی خرابی کے باعث ویل چیئر پر پیش کیا اور جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔ عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 11 دن کی توسیع کر دی اور انہیں بھی یکم ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔