کسی غریب کوبھوکانہیں سونے دیں گے ،وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ احساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے تحت غریب افراد کو بہترین کھانا فراہم کیا جا ئے۔ جمعہ کو پروگرام کے دائرہ کار کو توسیع دینے کے موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ غریب افراد کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں آنی چاہئے۔ جمعہ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے وزیراعظم کو پروگرام میں توسیع کے حوالے سے بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے تحت فی الوقت 5شہروں میں کھانا بردار ٹرکوں کے ذریعے کھانا تقسیم کیا جاتاہے، وزیراعظم نے ملتان، گوجرانوالہ اور لاہور کیلئے 4نئے کھانا بردار ٹرکوں کا افتتاح کیاجس کے بعد اب 7شہروں میں 16ٹرکوں کے ذریعے کھانے کی تقسیم ہوگی ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اکتوبر سے 29شہروں میں 40ٹرکوں کے ذریعے پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے،ملک گیر وسعت کے بعد روزانہ 40ہزار افراد اور سالانہ 14لاکھ 60ہزار افراد کو کھانا پہنچایا جائے گا۔احساس کوئی بھوکا نہ سوئے اقدام کے ذریعے مزدوروں میں کھانا مفت تقسیم کیا جاتا ہے۔ابتک 5شہروں میں 8لاکھ 31ہزار سے زائد مزدوروں کو کھانا پہنچایا جا چکاہے۔اس سال کے آغاز پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔احساس کوئی بھوکا نہ سوئے اقدام وزیراعظم کے اسی عزم کو عملی جامہ پہنانے کی کڑی ہے۔مخیر حضرات وفلاحی اداروں کو اقدام میں شامل کرنے کیلئے احساس کوئی بھوکا نہ سوئے عطیات فنڈ بھی قائم ہے۔