میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہرقائد کے عوام سندھ حکومت کو ٹیکسز دینا بند کردیں،وسیم اختر

شہرقائد کے عوام سندھ حکومت کو ٹیکسز دینا بند کردیں،وسیم اختر

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۱ اگست ۲۰۱۹

شیئر کریں

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی گلیاں کچرے کے ڈھیر اور محلے سیوریج کے پانی سے بھرے ہوئے ہیں،جس کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں جو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے چیئرمین ہیں،میں کراچی کے عوام سے کہوں گا کہ وہ سندھ حکومت کو ٹیکسز دینا بند کردیں،ساڑھے تین سو بلین ٹیکسز دینے کے باوجود مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے ،عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے حکومت سندھ کے خلاف پرامن احتجاج کیلئے نکلیں تاکہ شہر کے بنیادی مسائل حل ہوں، چیف سیکریٹری وفاق کا نمائندہ ہے جس کی ذمہ داری ہے کہ ادارے ٹھیک کرے ۔ملیر سعود آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ جو مہم ہم نے شروع کی ہے یہ وقتی سہولت تو دے گی مسئلہ کا مستقل حل نہیں ہے ،گلیوں میں جو پانی کھڑا ہے وہ بارش کا نہیں سیوریج کا ہے ، جب تک واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو درست نہیں کیا جاتا یہ مسائل حل نہیں ہونگے ، یہ ادارے وزیراعلیٰ نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں، کراچی کی صفائی پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے 24 ارب روپے خرچ کئے مگر کراچی کی گلیوں میں ٹنوں کچرا پڑا ہوا ہے ، شہری پریشان اور شہر خطرے میں ہے ،اگر وبائی امراض پھوٹ پڑے تو ہزاروں افراد ہلاک ہوں گے جس کی ذمہ دار حکومت سندھ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری نے کل ڈسٹرکٹ ایسٹ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ٹھیکہ کینسل کیا ہے جس سے ثابت ہوگیا کہ بورڈ ناکام ہوچکا ہے ، اسی طرح واٹر بورڈ بھی ناکام ہو گیا ،شہر میں گندگی، سیوریج اور پانی کے جو مسائل ہیں وزیر اعلیٰ سندھ اس کے براہ راست ذمہ دار ہیں کیونکہ یہ ادارے انہوں نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ میئرکراچی نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں سے موٹر وہیکل ٹیکسز، پراپرٹی ٹیکسز، پراونشل ٹیکسز، ٹاور ٹیکسز، ایس بی سی اے ٹیکسز اور دیگر ٹیکسز کے نام پر ساڑھے تین سو بلین سالانہ جمع کرتی ہے تو اس شہر کے بنیادی مسائل میں روز بروز اضافہ کیوں ہو رہا ہے ؟ کراچی تباہ ہو رہا ہے اور کسی کو اس شہر سے دلچسپی نہیں،میں وزیراعظم سے درخواست کرتا ہوں کہ کراچی کے عوام نے آپ کو ووٹ دیئے ہیں وفاق مداخلت کرے اور کراچی کے مسائل پر توجہ دی جائے ۔ میئرنے کہا کہ بعض لوگ چھوٹی چھوٹی پارٹیاں بنا کر نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اس سے اجتماعی نقصان ہوگا،میں مسائل پر سیاست نہیں کر رہا،عوام ان لوگوں کی باتو ں میں نہ آئیں بلکہ ہمارا ساتھ دیں اور حکومت سندھ کیخلاف پرامن احتجاج کریں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں