نیب عدالت سے مسلسل غیر حاضری، شریف خاندان کیخلاف یکطرفہ کارروائی کا امکان
شیئر کریں
لاہور (بیورو رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) کے دوسرے نوٹس پر بھی شریف خاندان کا کوئی فرد پیش نہ ہو ا اور تحقیقاتی ٹیم کے افسران گھنٹوں انتظار کے بعد مقررہ وقت ختم ہونے پر واپس روانہ ہو گئے ، نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز صاحبزادوں حسن اور حسین نواز شریف اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 20اگست کو مختلف اوقات میں پیش ہونے کے لیے نوٹسز جاری کیے تھے اور اس تناظر میں نیب لاہور میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی، صاحبزادوں اور داماد کو لندن کی جائیدادوں اور آف شور کمپنیوں کے بارے میں تحقیقات کے لیے دوسرا نوٹس جاری کیا تھا تاہم شریف خاندان کی طرف سے پانامہ فیصلے پر نظر ثانی اپیل کا فیصلہ ہونے تک نیب کے رو برو پیش نہ ہونے کا موقف برقرار ہے۔ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی سربراہی میں 6 رکنی ٹیم تحقیقاتی ٹیم گھنٹوں نیب آفس لاہور میں شریف خاندان کے پیش ہونے کا انتظار کرتی رہی اور مقررہ وقت ختم ہونے پر ضابطے کے مطابق نوٹ تحریر کیا گیا اور افسران واپس روانہ ہو گئے علاوہ ازیں نیب کی طرف سے شریف خاندان کو جاری دوسرے نوٹس کے پیش نظر نیب دفتر لاہو رمیں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کا کوئی کارکن نیب لاہور کے دفتر نہ پہنچا نیب ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی عدم پیشی کو توہین عدالت شمار کیا جا سکتا ہے اورمسلسل غیر حاضر ی پر یکطرفہ کارروائی میں بھی حق بجانب ہوں گے ۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے نواز شریف اور ان کے خاندان والوں کو عدالت طلبی کے سمن بھجوائے گئے تھے جو ان کے سکیورٹی سٹاف نے وصول کئے تھے جس کا دستاویزی ثبوت موجود ہے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کے فیصلے کیلئے وقت کم ہے اس لئے شریف فیملی کا زیادہ انتظار نہیں کیا جا سکتا، نیب کی طرف سے شریف خاندان کے عدم تعاون اور عدم پیشی کے حوالے سے 8 ستمبر کو رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں داخل کی جائے گی۔ شریف خاندان کے ترجمان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کی طرف سے شریف فیملی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ۔نیب ترجمان عاصم علی نواز کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیراعظم کے ساتھ ان کے دونوں صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اور صاحبزادی مریم صفدر اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 20 اگست کو طلب کرنے کے لیے سمن جاری کیے تھے تاہم شریف خاندان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب کی طرف سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ قومی احتساب بیورو نے طلبی کے نوٹسز بھیجے جانے پر شریف فیملی کی عدم پیشی پر مزید نوٹسز نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کیس میں ریفرنس داخل کرنے میں 21 دن باقی ہیں اور شریف فیملی کو مسلسل نوٹسز بھیجنے کے بعد عدم پیشی پر نیب نے مزید نوٹس نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سے ملنے والے ریکارڈ کی روشنی میں ریفرنس داخل کردیا جائے گا۔نیب ذرائع کے مطابق ریفرنس داخل کرنے کے لئے ملزمان کی گرفتاری ضروری نہیں تاہم گرفتاری کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ نیب ذرائع کے مطابق ملزمان اگر عدالت کے سامنے بھی پیش نہ ہوں تو وارنٹ جاری ہوں گے۔