سندھ میں کرپشن کے خلاف مشترکہ تحریک چلائیں گے، جلال محمود
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے ہائی کورٹ میں دائر نیب قوانین کے خلاف کیس میں فریق بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن کے خلاف آئندہ ماہ سے تمام سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے مشترکہ تحریک چلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کو سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے زیر اہتمام کرپشن، مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مزار قائد سے پاسپورٹ آفس تک نکالے جانے والے سندھ مارچ کے اختتام پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید زین شاہ، روشن برڑو، ڈاکٹر دودو مہری، حاجی شفیع جاموٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ ملک پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور اہم قوتوں نے حکمرانی کی ہے۔ ان موقع پرست قوتوں سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی کرپشن، دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔ کرپشن کو فروغ پرویز مشرف کے دور میں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر نیا این آر او لانے کی سازش کی جارہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کرپشن بھی کرپشن میں ملوث ہوگئی ہے۔ آج پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ گٹھ جوڑ کرکے اپنے مفاد میں قانون سازی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کوشش کی جارہی ہے کہ کرپٹ آصف علی زرداری کو ساتھ ستھرا کراکر دوبارہ اقتدار میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی قوتوں کے درمیان تضادات کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے ۔آج بعض ملکی قوتیں دوسرے ممالک کے ایجنڈے پر کام کررہی ہیں اور ان کی پراکسی وار لڑرہی ہیں۔ جلال محمود شاہ نے کہا کہ آج سندھ کے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہورہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے اپنے کرپٹ لوگوں کو بچانے کے لئے سندھ میں نیب کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون سازی کے ذریعے سندھ حکومت اپنے ڈیڑھ سو کرپٹ افراد کو تحفظ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں کرپشن پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، سندھ امن، محبت اور صوفیوں کی دھرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے ہم بھرپور جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ سے عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی اور تمام سیاسی اور قوم پرست قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا اور کرپشن کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے نیب کے خاتمے کی قانون سازی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کیس میں فریق بننے کا بھی اعلان کیا سید جلال محمود شاہ نے سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور سیاسی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ قومی اور جمہوری عمل کا حصہ بن جائیں سندھ مارچ میں کرپشن اور حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔