عمران خان کو خفیہ مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کا حکم واپس
جرات ڈیسک
جمعه, ۲۱ جولائی ۲۰۲۳
شیئر کریں
لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو خفیہ مقدمات میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم واپس لے لیا۔ جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پنجاب میں کیسز یکجا کرنے اورکارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل رانا انتظارحسین عدالت میں پیش ہوئے اوراستدعا کی کہ سینئر وکیل دوسری عدالت میں ہیں، اس لئے اس کیس کو انتظار میں رکھ لیا جائے۔ اس پر عدالت نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم متعدد مرتبہ پہلے بھی مہلت دے چکے ہیں اب مزید مہلت نہیں دی جاسکتی۔ جسٹس عالیہ نیلم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو خفیہ مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔