کراچی میں 24تا 26جولائی پھر تیز بارش کا امکان'اربن فلڈنگ کاخدشہ
شیئر کریں
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے دوران مون سون کا تیسرا اسپیل برس سکتا ہے۔مون سون کا یہ تیسرا سسٹم 23 سے 26 جولائی تک سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 24 تا 26 جولائی کراچی میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔مون سون کے پہلے فیز میں 15 اگست تک بارشوں میں شدت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کا تیسرا سسٹم مضبوط ہے، یہ سسٹم ملک کے 80 فیصد حصے میں تیز بارشوں کا باعث بنے گا۔انہوں نے بتایا کہ 23 سے 26 جولائی کے دوران سندھ میں تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ کراچی میں 24 سے 26 جولائی کے دوران تیز بارشوں کا امکان ہے۔سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سسٹم کا زیادہ تر حصہ زمین پر ہونے کے باعث اس کی شدت زیادہ ہے، خلیجِ بنگال سے نم ہوائیں مون سون سسٹم کو مضبوط کر رہی ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت کے بعد اس سسٹم کو بحیرہ عرب سے نمی کی سپورٹ رہے گی۔واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 24 جولائی کو کراچی اور حیدرآباد میں انتخابات ہونے ہیں۔