ججز کے گھروں کی تزئین و آرائش کے لیے 47 کروڑ روپے مختص
جرات ڈیسک
بدھ, ۲۱ جون ۲۰۲۳
شیئر کریں
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے ججز کے گھروں کی تزئین و آرائش کے لیے 47 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں اور محکموں کیلئے گرانٹس منظور کر لیں۔ اجلاس میں وزارت تعلیم کیلئے 56 کروڑ 71 لاکھ روپے جبکہ سپریم کورٹ کے ججز کی رہائش گاہوں کی مرمت کیلئے 47 کروڑ روپے منظور ہو گئے۔ وزارت ہاؤسنگ کیلئے 50 کروڑ روپے، کیڈٹ کالج حسن ابدال کی سکالرشپس کیلئے 4 کروڑ ، وفاقی ٹیکس محتسب کیلئے 1 کروڑ 40 لاکھ اور رینجرز کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 1 کروڑ 92 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ سرکاری پاور پلانٹس کیلئے 20 ارب 72 کروڑ منظور جبکہ پاور ڈویژن کو 4 ارب روپے ماہانہ استعمال کی حد سے متعلق چھوٹ ہوگی۔ سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کے تحت آزاد کشمیر کیلئے 56 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔