سندھ ٹیکسٹ بورڈ ، بدعنوان سابق چیئرمین آغا سہیل کو حکومتی کلین چٹ
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) سندھ حکومت سابق چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو کلین چٹ دے کر بحال کردیا، 8 دسمبر کو آغا سہیل کو بدانتظامی، بے قاعدگیوں سمیت دیگر الزامات میں معطل کیا گیا تھا، آغا سہیل چوتھی بار چیئرمین بننے کیلئے پر تولنے لگے، اہم صوبائی وزیر کا آشیرباد حاصل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ جامشورو میں غیرقانونی بھرتیوں، کرپشن سمیت دیگر الزامات کا سامنا کرنے والے سابق چیئرمین آغا سہیل کو سندھ حکومت نے کلین چٹ دے کر بحال کردیا ہے، 8 دسمبر 2023ء کو سندھ حکومت نے بدانتظامی، بے قاعدگیوں اور قواعد و ضوابط کے خلاف دو ارب کا ٹینڈر جاری کرنے پر معطل کیا تھا جبکہ سندھ کے سرکاری اسکولوں میں درسی کتابوں کی فراہمی نہ ہونے سمیت دیگر الزامات میں وزیراعلیٰ سندھ کی چیف منسٹر انسپکشن ٹیم نے تحقیقات کی تھیں تاہم مذکورہ ٹیم نے سابق چیئرمین کو کلین چٹ دے دی ہے جس کے بعد سندھ حکومت نے آغا سہیل کو بحال کردیا ہے، آغا سہیل سندھ کے سرکاری اسکولوں میں سرکاری کتابوں کی فراہمی میں ناکام رہے جس کے باعث ابھی تک لاکھوں طلباء و طالبات درستی کتابوں سے محروم ہیں اور پرائیوٹ پبلشرز نے بحران کے باعث کروڑوں روپے کمائے، آغا سہیل پر غیرقانونی بھرتیوں سمیت کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، ذرائع کے مطابق سندھ کے ایک طاقتور صوبائی وزیر کا آغا سہیل کو مکمل آشیرباد حاصل ہے جس کے باعث اسے کلین چٹ دے دی گئی، آغا سہیل بحالی کے بعد چوتھی بار چیئرمین کے عہدے پر بیٹھنے کیلئے پر تولنے لگے ہیں ۔