کراچی میں عمران خان کے نام سے منسوب گراؤنڈ سیل کردیا گیا
شیئر کریں
شہر قائد کے علاقے گلشنِ اقبال میں قائم عمران خان کرکٹ گراؤنڈ کو ضلعی انتظامیہ نے سیل کردیا۔انتظامیہ کے مطابق نوٹس دینے کے باوجود گراؤنڈ میں سیاسی جماعت کی جانب سے کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کارروائی کو سندھ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔گلشن اقبال میں ضلعی انتظامیہ شرقی نے پراپرٹی پر قبضے کے خلاف ایڈمنسٹریٹر شکیل احمد کی سربراہی میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے عمران خان کرکٹ گراؤنڈ کا قبضہ چھڑوا کر ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردیا۔ایڈمنسٹریٹر ضلع شرقی ایڈمنسٹریٹر شکیل احمد کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ کا نام، تختی سب ہٹا کر یہاں ضلعی انتظامیہ کا بورڈ لگایا جائے گا۔ دو سال سے گراؤنڈ میں سیاسی جماعت کی جانب سے کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں۔ نوٹس کے باوجود پارک خالی نہیں کیا گیا جبکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں پارکوں کو اصل حالت میں لانا ہے اسی لیے آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان کی تختی بھی آویزاں تھی۔دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔ گلشن اقبال میں عوام کے پیسے سے بنائے عمران خان کرکٹ گراؤنڈ میں کے ایم سی نے آپریشن کیا۔ پہلے رہنماؤں کے ذاتی کاروبار اور اب عوامی املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اس گراؤنڈ کو اس لیے ختم کیا جارہا ہے کیونکہ یہ عمران خان کے نام سے منسوب ہے۔ حکومت املاک کو نقصان پہنچا سکتی ہے لیکن عوام کے دلوں سے عمران خان کو نکالنا ممکن نہیں