بھارت G20 اجلاس کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے، قمر زمان کائرہ
شیئر کریں
وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں G20 اجلاس کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے۔مشیر برائے امور کشمیر نے نعمان پورہ میں استقبالی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ہاتھ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے آلودہ ہیں، اس کے جبر کی داستانیں بڑھتی جا رہی ہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہر فورم پر کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرح مسئلہ کشمیر سے منہ نہیں موڑیں گے، یہ نہیں کہیں گے کہ "بھارت کشمیر میں ظلم کرتا ہے تو میں کیا کروں؟” وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کیا اور بہترین خارجہ پالیسی کی بدولت مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے انعقاد پر دنیا پر صورت حال واضع ہونے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت مجوزہ گروپ 20 اجلاس کے رکن ممالک اجلاس پر تحفظات کا اظہار کرنے لگے ہیں، چین اور ترکی نے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی قرار دیتے ہوئے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔